نئی دہلی، 19؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بہار میں نکسلی حملے میں سی آر پی ایف کے 10کمانڈو کی ہلاکت کے بعد ماؤنوازوں سے نمٹنے کے لیے ریاستی حکومت کو آج ہر ممکن مدد فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی۔سنگھ نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے ساتھ فون پر بات چیت میں گیا میں نکسلیوں کی طرف سے گھات لگا کر کیے گئے حملے کے بعد پیدا ہوئے حالات کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے درگا پرساد کو صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے گیا -اورنگ آباد جانے کی ہدایت دی۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی نے وزیر داخلہ کو سی آر پی ایف کے کوبرا کمانڈو کی ٹیم پر ہوئے حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی معلومات دی۔سنگھ نے شہیدوں کے غم زدہ خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی جوانوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی ۔حکام نے بتایا کہ بہار کے اورنگ آباد ضلع کے جنگلوں میں نکسلیوں نے آئی ای ڈی دھماکہ کردیا جن میں سی آر پی ایف کی کوبرا بٹالین کے 10کمانڈو شہید ہو گئے اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔کوبرا یونٹ کے جوانوں کو نشانہ بنا کر کیے گئے حملے کے بعد کل دوپہر دونوں گروپوں کے درمیان شروع ہوئے تصادم میں دیر رات 3 نکسلی مارے گئے۔